ڈھاکہ،12اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ایک طرف جہاں آئی پی ایل کرکٹ میں جم کر رن بن رہے ہیں اور گیند بازوں کی جم کر پٹائی ہو رہی ہے۔ وہیں یہاں ہوئے ایک میچ میں ایک گیند باز نے اپنے ایک اوور کی 4 گیندوں میں 92 رن دے کر سب کو حیران کر دیا۔عالمی کرکٹ تاریخ میں آج تک کسی بالر کے ایک اوور میں اتنے رنز نہیں بنے ہیں۔یہ عجوبہ بنگلہ دیش کے کلب کرکٹ میں دیکھنے میں آیا ہے۔ھاکہ میں کھیلی جا رہی سیکنڈ ڈویڑن کرکٹ لیگ میں بولر سجون محمود نے اپنے اوور میں صرف 4 گیندوں ہی پھینک کر 92 رن لٹائے، جس میں انہوں نے 65 رن وائڈ (13 گیندوں میں) اور 15 رنز تین نو بال پھینک کر دئے۔ اس اننگز کا پہلا ہی اوور تھا اور اس طرح بلے بازی کر رہی ٹیم نے 10 وکٹ سے میچ جیت لیا۔ ایسا کرکٹ کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔ایسا نہیں ہے کہ اس بالر کی خراب بولنگ کی وجہ سے ایسا خراب ریکارڈ بنا ہو۔دراصل محمود نے ایسا جان بوجھ کر کیا۔ انہوں نے امپائر کے متنازعہ فیصلوں کی مخالفت میں ایسی گیند بازی کی، ایسا کرنے کے لئے محمود کو پوری ٹیم کی حمایت حاصل تھی، بولنگ کر رہی ٹیم نے آپس میں یہ طے کیا اور محمود نے اس طرح کی بولنگ کی۔
یہ میچ منگل کو لال مٹیا کلب اور ایگزوم کرکٹرز کے درمیان یہ کھیلا گیا تھا۔ اس کرکٹ لیگ کا انعقاد کرکٹ کمیٹی آف ڈھاکہ میٹروپولس کر رہی ہے۔ ایگزوم نے ٹاس جیت کر لال مٹیا کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ لال مٹیا کی پوری ٹیم 14 اوور میں 88 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ان میں 10 وکٹوں میں 1 رن آؤٹ، 3 وکٹ کے پیچھے کیچ، دو ایل بی ڈبلیو اور ایک کھلاڑی سٹمپ آؤٹ ہوا تھا۔ میچ کے بعد لال مٹیا کلب کے سیکرٹری جنرل عدنان الرحمن دپون نے بتایا کہ لال مٹیا کی ٹیم امپائروں کے غلط فیصلوں سے ناراض تھی اور اس کی مخالفت میں ہی ٹیم نے یہ فیصلہ کیا۔